پشاور (وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں صدر کے بازاروں میں کارروائی کرتے ہوئے 300کلوگرام پلاسٹک بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پشاور کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) گلشن آرا نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ صدر کے مختلف بازاروں میں میگا مالز‘ بڑے سٹوروں‘ دکانوں و دیگر کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ایک گودام سے 300کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ جبکہ میگا مالز اور بڑے سٹوروں سے پلاسٹک بیگز کو اکٹھا کر کے تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ لیبارٹری رپورٹ آنے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبردار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کے متبادل قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔