کراچی (جنگ نیوز) مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے اس کے پیچھے ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ ان کا جو بیانیہ ہے وہ پٹ گیا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ساکھ اور ہمدردی کھوچکا ہے ایف اے ٹی ایف میں شکست کی خفت مٹانے کے لئے بھارت ایسی حرکتیں کررہا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا کہ بھارت کو پرابلم یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی نسل کشی کے اپنے منصوبے میں ناکام ہوگئے، بھارتی فوج کو سبکی کا سامنا ہے اس لئے اپنی سیاسی لیڈر شپ کو مطمئن کرنے اور اپنی شرمندگی مٹانے کے لئے وہ اس قسم کی کارروائی کر رہا ہے ۔ معروف کیریئر کونسلر اظہر حسین عابدی نے کہا کہ طلبہ خود کو تیار کریں اسکالر شپ انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ دونوں لیول پر دی جاتی ہیں، ریسرچ کے لئے بھی دی جاتی ہیں تاہم کچھ صنفی اور کچھ اسکالر شپس سبجیکٹ کی بنیاد پر بھی دی جاتی ہیں کچھ ممالک ایگرکلچر اور اکنامک پر اسکالر شپ آفرکرتے ہیں، ایکسٹرا ایکٹیویٹیز کی وجہ سے بھی وظائف ملتے ہیں،کامن ویلتھ ‘ فل برائیٹ ‘ شیزنگ اسکالر شپس کیلئے بھی طلبہ خود کو تیار کریں۔پی ٹی آئی کے رہنما وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان، رہنما جے یو آئی قاری عثمان نے بھی جیو پاکستان میں گفتگو کی۔نمائندہ جنگ اختر علی اختر کی معروف مزاحیہ اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان عرف جیدی سے کی گئی گفتگو بھی پیش کی گئی۔لاہور کے پروفیسر افضل محمود کی خودکشی پر گفتگو کرتے ہوئے جیو پاکستان میں بتایا گیا کہ کلین چٹ ملنے کے باوجود پروفیسر کی خودکشی کا واقعہ ایک المیہ ہے جس نے سب کو ہلہ کر رکھ دیا ہے ۔ ایم اے او کالج لاہور میں انگریزی کے لیکچرار افضل محمود کے خلاف طالبہ نے ہراسانی کا الزام لگایا تھا انکوائری کے بعد پروفیسر افضل محمود کو بے گناہ قرار دیا گیا مگر رپورٹ دبائے رکھی ‘ پروفیسر افضل کی بیوی انہیں چھوڑ گئی جس کے بعد 9 اکتوبر کو پر وفیسر افضل محمود نے خودکشی کرلی۔معروف اداکارہ ماہرہ خان کے لئے اعزاز کہ ان کے انسٹا گرام پر فالورز کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے مائرہ خان 50 لاکھ فالوورز رکھنے والی پہلی اداکارہ ہیں ‘ماہرہ خان نے بین الاقوامی سطح پر بھی کئی اعزاز اپنے نام کئے ہیں۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر پولیس نے اعداد و شمار جاری کئے ہیں اس میں بتایاگیا ہے کہ ایک ماہ سے کم عرصے میں کراچی میں 770 موبائل فون چھیننے کی وارداتیں ہوئیں جن میں سے صرف 13 نے مقدمات درج کرائے 561نے صرف سی پی ایل سی پر ہی اطلاع دینے پر اکتفا کیا۔افضل ندیم ڈوگر نے جیو پاکستان میں بتایا کہ سی پی ایل سی اور کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آپس میں تعاون کرکے ہزاروں کی تعداد میں چھینے گئے موبائل فون اصل مالکان کو واپس کروائے ہیں۔