• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی 5 مرکزی کیتھ لیب مشینیں خراب ہوگئی ہیں جس کے باعث انٹر و ینشن کیسز میں تاخیر ہو رہی ہے اور مریضوں کو لمبی تاریخیں دی جارہی ہیں جس سے ان کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

‎دوسری جانب اسپتال کی اکلوتی سی ٹی اینجیو گرافی مشین بھی گزشتہ ایک سال سے خراب ہے جس کے باعث مریضوں کو نجی اسپتالوں سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے۔

‎اسپتال ذرائع کے مطابق این آئی سی وی ڈی میں کل 9کیتھ لیبس ہیں جن میں سے کیتھ لیب 2،4،5،6 اور 7 خراب ہیں جنہیں ٹھیک کرانے میں اسپتال انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔

‎واضح رہے کہ کیتھ لیب میں انٹر وینشن کیسز کیے جاتے ہیں جن میں پرائمری پی سی آئی، اینجیو گرافی، اینجیو پلاسٹی، سی ٹی اینجیو سمیت دیگر شامل ہیں۔ سی ٹی اینجیو مشین کے ذریعے تشخیصی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں جو نہ ہونے سے مریض نجی اسپتالوں سے رجوع کر رہے ہیں۔

اسپتال کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر سے جب استفسارکیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمپنیوں کے ساتھ سروس معاہدات کے مسائل تھے جو حل کر دیئے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایک ہفتے تک مشینیں ٹھیک ہو جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیتھ لیب 6 اور سی ٹی اینجیو مشین ناقابل مرمت ہیں جس کی لوکل پرچیز کے لیے محکمہ صحت سے درخواست کر رکھی ہے اجازت ملنے پر نئی خریدی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ مشینوں کی خرابی کے باعث وارڈ میں داخل مریضوں کے کیسز میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے جبکہ مریضوں کو لمبی تاریخیں دی جارہی ہیں جو ان کی جان کےلیے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔

تازہ ترین