• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کو اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے پمز اسپتال کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔

نیب کی ٹیم نے آصف زرداری کو سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال کے شعبہ امراض قلب منتقل کیا ہے۔

ایک بیان میں پمز کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو پمز اسپتال میں عدالتی ہدایات کے مطابق تمام طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نعیم کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کا طبی معائنہ کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کو کارڈیالوجی وارڈ کی تیسری منزل پر خصوصی وارڈ میں رکھا جائے گا، جہاں ان کا بلڈ اور یورین ٹیسٹ کیا جائے گا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نعیم کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ سابق صدر آصف زرداری کا بلڈ پریشر، شوگر اور کمر کی تکلیف کے سلسلے میں معائنہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے: زرداری کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے، کائرہ

واضح رہے کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو جیل سے اسپتا ل منتقل کرنے کی سفارش کی تھی جس کی روشنی میں جیل حکام نے آصف زرداری کو احتساب عدالت سے اسپتال منتقلی کے لیے انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔

اس سے قبل آج ہی اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کی تھی۔

عدالت نے آصف علی زرداری کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ بھی محفوظ کیا تھا۔

تازہ ترین