اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق صدر کو جیل میں ذاتی مشقتی فراہم کیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جیل میں کسی قیدی کو ہی بطور مشقتی فراہم کیا جا سکتا ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ باہر سے کسی کو لا کر جیل میں بطور مشقتی رکھ لیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون غیر متعلقہ افراد کو جیل میں بطور مشقتی قیدی کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔
یہ بھی پڑھیئے: زرداری اور فریال پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
احتساب عدالت نے جیل میں سہولتوں کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات بھی کی۔