ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ حکومت کو نواز شریف کی صحت پر سیاست اور بیان بازی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے ان خیالات کا اظہار حکومتی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجمان کے پاس حکومت کی نالائقی اور نااہلی پر جھوٹ بولنے کے سوا کوئی بیانیہ نہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ نوازشریف کی صحت پر شرمناک بیانات سے کارکنان میں غم وغصہ اور شدید ردعمل پیدا ہورہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جھوٹے ترجمانوں کا بیان بدنیتی، بےحسی اور مجرمانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نالائق وزیراعظم اپنےکرائے کے ترجمانوں کی زباں بندی کریں ورنہ نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ جب کیمرے کی آنکھ آپ کو سب کچھ دکھاتی ہے تو آپ اس کو جھٹلا نہیں سکتے، سب نے دیکھا کہ نواز شریف ہشاش بشاش، ہاتھ ہلاتے ہوئے اسپتال پہنچے، کیونکہ یہ فلم کی شوٹنگ تھی۔