سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں، ان کے پلیٹ لیٹس تقریباً 2 ہزار رہ گئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس لگانا شروع کردیئے گئے ہیں، اُن کی حالت کنٹرول میں ہے۔
نواز شریف کے علاج کے لیے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، پلیٹ لیٹس لگانے کے لیے ان کے خون کے نمونے لیے گئے۔
صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پلیٹ لیٹس تیزی سے کم ہونا تشویشناک بات ہے۔
انہوں نے نواز شریف کو تاخیر سے اسپتال منتقل کرنے کا الزام عائد کیا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم کو بروقت طبی امداد نہ دینے کی انکوائری کرائی جائے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو رات گئے جب اسپتال لایا گیا تو ان کے پلیٹ لیٹس 16ہزار تھے، ان کا بلڈ گروپ او پوزیٹو ہے۔
یہ بھی پڑھیے:نواز شریف کی طبیعت خراب، اسپتال منتقل
اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس لگانے کے لیے نوجوانوں کا خون بہتر رہے گا۔
ترجمان نیب کے مطابق نواز شریف کی حالت کنٹرول میں ہے، ان کا ڈینگی ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔