• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سروسز اسپتال میں نواز شریف کی حالت تسلی بخش

سروسز اسپتال لاہور میں نواز شریف کی طبیعت بہتر ہونے لگی۔ انہیں پلیٹ لیٹس کی 3 بوتلیں لگائی جا چکی ہیں جس کے بعد پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزار ہو گئی۔

نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے سربراہ سمز کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز ہیں۔ میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔

پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس لگانے سے ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اسپتال میں اپنے بھائی میاں نواز شریف کی عیادت کی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے نواز شریف کو بَروقت طبی امداد نہ دینے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس کا اس حد تک اور تیزی سے گرنا بڑی تشویش کی بات ہے، اس معاملے میں انتہائی غفلت برتی گئی۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کو نوازشریف کی ضرورت ہے۔

مسلم لیگ ن کے کارکن گزشتہ رات سے ہی اسپتال کے باہر موجود ہیں، کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف کی صحتیابی کے لیے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طبیعت گزشتہ رات اچانک خراب ہوئی تھی جس کے باعث خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہونے پر انہیں نیب سے سروسز اسپتال لاہور منتقل کیا گیاتھا۔ 

تازہ ترین