اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی طبیعت منگل کو اچانک خراب ہوگئی جس پر انکو پمز اسپتال منتقل کردیاگیا، سابق صدر کے فوری طبی معائنہ کیلئے پمزاسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل 4رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا، بورڈ نے زرداری کا طبی معائنہ کیااور اسپتال میں زیرعلاج رکھنے کافیصلہ کیا ،
دوسری جانب احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس کیس میں فریال تالپور اور زرداری کے ریمانڈ میں 12نومبرتک توسیع کردی۔ تفصیلات کےمطابق اسپتال ذرائع کاکہناہےکہ زرداری کے میڈیکل بورڈ میں شعبہ نیورو سرجری، قلب، میڈیسن کے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے،
پروفیسر شجی صدیقی چار رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں جبکہ ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر عامر شاہ، ڈاکٹر ذوالفقار غوری بورڈ میں شامل ہیں، سابق صدر کا بلڈپریشراور شوگر ٹیسٹ کر لیا گیا،
انکا بلڈ پریشر نارمل اور شوگر لیول معمول سے کم ہے، آصف زرداری کے ایکسرے، ای سی جی اور ایکو ٹیسٹ بھی کئے گئے جبکہ خون اور یورین ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں۔