پشاور (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد کا استعفیٰ نا منظور کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ احتجاج ہرشہری اور اپوزیشن جماعتوں کا حق ہے، احتجاج روکنے کےلئے حکومتی اقدامات غیر قانونی ہیں ،سپریم کورٹ حکومت کی جانب سے اسلام آباد کو سیل اور شہریوں کو تکلیف میں مبتلا کرنے کا نوٹس لے کیونکہ آئین کسی کو حکومت کیخلاف احتجاج سے نہیں روکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے 27 اکتوبر کے احتجاج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔