• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے ویمنز ٹیم کا اعلان

بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے ویمنز ٹیم کا اعلان


پاکستان ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے  بنگلا دیش کیخلاف ہوم سیریز کے تین ٹی ٹوئنٹی میچز  کے لئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، بسمہ معروف ٹیم کی قیادت کریں گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ ٹیم جونیئرز اور سینئرز کا کامبینیشن ہے، سیریز میں ینگسٹرز کو بھی موقع دیا جارہا ہے تاکہ مستقبل  کے لئےتیاریاں کی جاسکیں ۔

چیف سلیکٹر نے بتایا کہ بسمہ معروف کی قیادت میں منتخب ٹیم میں عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، ثنا میر، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

ندا ڈار آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کی وجہ سے  بنگلا دیش کیخلاف ہوم سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گی جبکہ جنوبی افریقا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل رامین شمیم بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

رامین شمیم ان دنوں کولمبو میں پاکستان ویمن ایمرجنگ ٹیم کی قیادت کررہی ہیں تاہم امکان ہے کہ انہیں ون ڈے اسکواڈ کیلئے ٹیم میں شامل کرلیا جائے۔

جویریہ رؤف، ایمن انور، ناشرہ سندھو اور فاطمہ ثنا بھی  بنگلا دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں منتخب نہیں ہوئیں۔

فیصل آباد سے کھیلنے والی سعدیہ اقبال کو پہلی بار پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ عائشہ ظفر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔

ناہیدہ خان نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلی تھی تاہم اب وہ ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا بھی حصہ بنی ہیں ۔

صبا نذیر کو بھی دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ صبا نذیر کو اس سے قبل ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا تاہم وہ اس میں کوئی میچ نہیں کھیل پائی تھیں۔

چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ  بنگلا دیش سے سیریز ٹیم کیلئے کافی ضروری ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی، سیریز سے ورلڈ کپ کیلئے کور گروپ کی شناخت کا بھی موقع ملے گا۔

تازہ ترین