کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کی ایک اعلیٰ سطح کی تشکیل شدہ کمیٹی نے گجرات اور گوجرانوالہ کے دفاتر میں ضبط شدہ 15کروڑ کی خور دبرد کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ڈائریکٹر لاہور اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ نے تحقیقات شروع کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کو یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ گجرات اور گوجرانوالہ سرکلز میں کیس پراپرٹی خاص طور پر نقد رقوم جو کرنسی ایکسچینج پر چھاپوں اور ملکی اور غیر ملکی کرنسی کی ضبطگی اور دیگر ملزمان سے برآمد ہونے والی رقوم نہ ہی عدالتی تحویل میں اور نہ ہی اسٹیٹ بینک میں جمع کروائی ہیں اور مبینہ طور پر خور دبرد کرلی گئی ہیں جس پر ایک اعلیٰ افسر کو اس کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا جنہوں نے اپنی رپورٹ ڈائریکٹر لاہور زون IIرستم چوہان کو بھیجی جس میں انکشاف کیا گیا کہ خور دبرد کی گئی رقم کا حجم تقریباً 15کروڑ ہے، جس میں تفتیشی حکام کی بدنیتی اور ان کی اعلیٰ حکام کی ملی بھگت یا نااہلی شامل ہے۔