لاہور/اسلام آباد(نیوز ایجنسیز)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست پر جمعے کو میڈیکل رپورٹ طلب کرلی جبکہ مریم نواز کی رہائی کی درخواست پر قومی احتساب بیورو(نیب) کو نوٹس جاری کردیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف اور بھتیجی مریم نواز کی فوری رہائی کے لیے الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔
علاوہ ازیں شہبازشریف کی جانب سے اپنے بڑے بھائی نوازشریف کی رہائی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پرمشتمل دو رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور پراسکیوٹر جنرل نیب کو فوری طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات پیش کی جائیں۔
عدالت نے سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹر محمود ایاز کو بھی طلب کرلیا اورنواز شریف اور مریم نواز کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کردیئے۔