• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

زرداری اور نواز کو کچھ ہوا تو حکومت اور نیب ذمہ دار ہوں گے، بلاول بھٹو

نیب کی حراست میں سیاسی مخالفین کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے، بلاول


اسلام کوٹ / ڈگری(عبدالغنی بجیر / اشفاق احمد) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی ہے نیب کی حراست میں سیاسی مخالفین کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے اس کا جوابدہ کون ہے، نیب چیئرمین حکومت کے اشاروں پر کام کررہے ہیں، اگر آصف علی زرداری اور نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت اور نیب ذمہ دار ہوں گے اور ان کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی مٹھی کیمپس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت وسائل کی مشکلات کے باوجود سازشوں کا مقابلہ اور عوام کی خدمت کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے اپنا کام کرتی رہے گی، سلیکٹڈ حکومت صرف اور صرف سرمایہ داروں کے لئے فکرمند رہتی ہے، پی ایس 11پر پاکستان پیپلز پارٹی نہیں جمہوریت کی ہار ہوئی ہے پی ایس 11پر الیکش نہیں سلیکشن تھی۔ کیونکہ کہ 2018 کے عام انتخابات میں پورے پاکستان میں تھرپارکر ضلع کے اندر ووٹ کا شرح سب سے زیادہ ہے یہی وجہ ہے کہ پی پی پی حکومت نے تھرپارکر ضلع کو اولیت دیکر ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور تھر کے عوام کے خدمت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا پی پی پی عہدیداران استقبال کریں گے اور انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے حقوق کی خاطر پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے تو نیازی حکومت مارچ سے خوفزدہ کیوں ہے اور آزادی مارچ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور گندم کی کمی کے مسئلے پر سندھ کابینہ میں تفصیلی غور کیا گیا ہے اور گندم کمی ہونے پر پاسکو سے گندم خریدی جائیگی اور اس پر حکومت سندھ سبسڈی بھی فراہم کرے گی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تھر کی رائلٹی تھر کی عوام پر ہی خرچ کی جائے گی تاکہ تھر خوشحالی اور مزید ترقی ہو سکے۔

تازہ ترین