• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عملاً ایک جیل میں تبدیل کردیا ہے لیکن صبر و استقلال کا مظاہرہ کرنے پر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ 72 سال قبل آج کے دن بھارتی افواج نے سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔

انہوں نےکہا کہ بھارت دہشت گردی کے گھسے پٹے الزامات سے دنیا کو مزید گمراہ نہیں کرسکتا کیوں کہ عالمی میڈیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سامنے لاکر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کررہا ہے، جس وجہ سے دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے، بھارت کے دوست اور دشمن تنقید و ملامت کررہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 ماہ سے کشمیری اپنے گھروں میں قیدی، اپنی ہی سرزمین پر اجنبی بنا دیے گئے ہیں، بھارت نے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات کیے۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں، 80 لاکھ کشمیریوں کو محاصرے میں رکھا گیا، مواصلاتی روابط مکمل منقطع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریے کی متولی بنی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر سے بہیمانہ اور وحشیانہ مظالم کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

تازہ ترین