پاکستانی ہاکی ٹیم ہالینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں ناکامی کے بعد اگلے سال ہونے والے اولمپکس گیمز میں شرکت سے محروم ہوگئی، پہلے میچ میں اچھی کار کردگی کے بعد دوسرے معرکہ میں پاکستانی کھلاڑی اچھی پر فارمنس نہ دے سکے، تاہم یہ بات اچھی ہے کہ کھلاڑیوں نے جس انداز سے دنوں میچوں میں کار کردگی دکھائی اس سے ان کی صلاحیتوں کا اظہار ضرور ہوتا ہے۔
پی ایچ ایف کو اس میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے،محکمہ کھیل و ثقافت بلدیہ عظمٰی کراچی کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر نمائشی کرکٹ میچ کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی اور سندھ پولیس کرکٹ اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا جو ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے سات وکٹوں سے جیت لیا اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی محمد عارف ایس ایس پی سینٹرل تھے جبکہ تقریب کی صدارت کے فرائض خورشید احمد شاہ ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس کے ایم سی نےانجام دئیے،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد عارف ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ کھلاڑی محنت اور لگن سے کرکٹ کھیلیں تو کوئی وجہ نہیں کے آپ ہی میں سے کھلاڑی نکل کر ملک و قوم کا نام روشن نہ کرسکیں ، خورشید احمد شاہ ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس بلدیہ عظمٰی کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمٰی کراچی کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کررہی ہے ، ندیم خان ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس بلدیہ عظمٰی کراچی نے تمام معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا ،نظامت کے فرائض شاہد نواب نے ادا کئے اس موقع پر طارق محمود، جاوید ملک ڈی ایس پی ویسٹ زون، کہف الوریٰ، جمیل احمد، شاہد علی، مظہر اعوان، فیصل ظفر، وسیم الدین، فرید الدین، قمبر علی احمر احمد، اور ذوالقرنین بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ اچھے معاشرے کی نشانی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتا ہے، انجینئر زیڈ اے نظامی بلاشبہ پاکستان بھر اور بالخصوص کراچی کے لئے ایک عظیم محسن کی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے کراچی کو ایک ترقی یافتہ شہر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے ڈی اے کرکٹ گراؤنڈ نارتھ ناظم آباد میں جلد تزئین و آرائش کرکے کھیلنے کے قابل بنایا جائے گا اور وہاں ایک زیڈ اے نظامی کرکٹ اکیڈمی کے ڈی اے ملازمین اور ان کے بچوں کے لئے بنائی جائے گی، یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی میں زیڈ اے نظامی میموریل انٹر ڈپارٹمنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے انجینئر محفوظ النبی، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین، انجینئر محمد محسن خان، محمد ارشد خان، سلیم خیمسانی، غلام محمد خان، ایم نسیم، کے ڈی اے کے افسران عطاء عباس، ارشد عباس ، اقبال قریشی، رستم خان، قیصر امام، حامد رضوی، ارشد بیگ، وصال انصاری، کمال احمد، محب اللہ، کے ڈی اے لیبر یونین کے سیکریٹری محمد اشرف، ایمپلائز یونین کے سیکریٹری دلاور خان اور کے ڈی اے کے ترجمان اکرم ستار بھی موجود تھے۔
افتتاحی میچ میں لینڈ ریکوری نے فنانس اینڈ اکاؤنٹس ٹیم کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔محمد آصف نےسنیئر کھلاڑی محمد سجاد کو شکست دے کر تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی ، مقابلے کے اختتام پر اسپانسر جوبلی انشورنش کے ایم ڈی طاہر احمد، پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرد ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالم گیر شیخ، صدر منور شیخ اور دیگر نے انعامات تقسیم کئے۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں سائوتھ ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے اگلے دو سال کی مدت کے لئے سکریٹری منتخب ہوگئے جبکہ پاکستان کی شازیہ یوسف خزانچی منتخب ہوگئی، ان کا انتخاب نیپال میں ہونے والے سائوتھ ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے اگلے دو سال کی مدت کے لئے ہونے والے الیکشن میں کیا گیا، نومنتخب سیکرٹری جنرل مدثر آرائیں نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین نیٹ بال فیڈریشن نے آئندہ دوبرس کے لئے اسپورٹس کیلنڈز کی منظوری دی اور اس دوران تین انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا، پاکستان کوساؤتھ ایشین یوتھ بوائز اینڈ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2021 کی میزبانی دی گئی ہے، سری لنکا نے کھٹمنڈو میں کھیلی جانے والی سائوتھ ایشین انڈر16نیٹبال چیمپئن شپ جیت لی ، فاتح ٹیم نے فائنل میں بھارت کو شکست دی، پاکستان کی ٹیم کو چار میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ۔
سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان کھو کھو فیڈریشن ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ،اور کراچی پبلک اسکول کے اشتراک سے قومی کھو کھو ریفریشر اینڈ کوچنگ کورس کا انعقاد کیا گیا مہمان خصوصی کراچی پبلک اسکول کے ڈائریکٹر نعیم محی الدین جبکہ صدر تقریب ڈائریکٹر کے پی ایس عامر محی الدین تھے جبکہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔انٹرنیشنل کھو کھو پلیئر محمد شہروز علوی نے لیکچر دیے ۔
اس موقع پر سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ، چیئرمین عارف وحید ، سیکرٹری ریحانہ آصف ، گریس فل گرامر اسکول کے روح رواں محمد سلیم ، سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے زون ایک سید محمد وسیم علوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جرمن قونصل جنرل او آئیگن ولفارتھ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، یہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں، اُنہیں سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، وہ یو نائیٹڈ فٹ بال کلب کلفٹن گرائونڈ پرکراچی میں جرمن قونصلیٹ کی جانب سے ہونے والے فٹبال ٹورنامنٹ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، ٹورنامنٹ میں مختلف تعلیمی اداروں کی دس ٹیموں نے حصہ لیا ، جرمن قونصل نے کہا کہہمارا ادارہ پاکستان میں کلچرل سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقدکرتا رہتا ہے اور اب گزشتہ تین سالوں سے فٹ بال ایونٹ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، مقابلے کے دوران کھلاڑیوں کا جوش و جنون قابل دید تھا۔ ( نصر اقبال)