وزیر اعظم عمران خان اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن عمل سے متعلق پاکستان پر عزم ہے، افغان تنازع کے پائیدار سیاسی حل کیلئے حائل رکاوٹوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو افغانستان میں تشدد کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، افغان امن عمل کے حوالے سے منفی بیانیے کیخلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ افغانستان اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، پاکستان مخلص دوست اور سہولت کار کی حیثیت سے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔