• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹ مار کرنے والے 2 مبینہ ڈاکو پولیس اور شہری کی فائرنگ سے ہلاک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو مبینہ ڈکیت پولیس اور شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے،تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود حسن اسکوائر فلائی اوور کیساتھ اتوار اور پیر کی شب دو مسلح ملزمان لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس موبائل بھی وہاں پہنچ گئی،پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی قدیر کو گرفتار کرلیا گیا، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 19سالہ خان محمد ولد ظاہر خان کے نام سے ہوئی ہے دونوں ملزمان کے قبضے سے دو پستول برآمد ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش پولیس نے اسپتال منتقل کردی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے،علاوہ ازیں کورنگی ساڑھے تین نمبر اتوار بازار کے قریب دو مسلح ملزما ن نے ایک شہری وقاص سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تاہم اس دوران شہری نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی ہوگئے ،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جہاں ایک ملزم دوران علاج ہلاک ہوگیا ،پولیس کے مطابق شہری وقاص نے خود تھانے میں پیش ہو کر اپنا لائسنس یافتہ پستول چیکنگ کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ، ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،دریں اثنا ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عمر فاروق ولد محمد اسماعیل جبکہ زخمی ڈاکو کی شناخت نعمان ولد محمد سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔

تازہ ترین