• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی بدحالی کاجان لیوا سیلاب ملکی تاریخ میں نہیں آیا‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے اب تک کئے جانے والے تمام عوام دشمن اقدامات نے اس حقیقت کو اور بھی واضح کردیا کہ اس کی حکمرانی کسی اور کی نہیں صرف آئی ایم ایف کی مرہون منت ہے جس نے نادیدہ قوتوں سے سازباز کرکے نیازی الیون کو قوم پر مسلط کروایا۔ آل انڈیا ایسٹ کمپنی بھی کچھ اسی انداز سے برصغیر پر اپنا تسلط جمانے میں کامیاب ہوئی تھی شاید تاریخ اپنے آپ کو ایک مرتبہ پھر دہرانا چاہتی ہے یکم جولائی کو آئی ایم ایف سے سخت ترین شرائط کے تحت ہونے والے معاہدے نے جہاں ملک میں کاروبار کو تباہ حالی سے دوچار کردیا وہاں گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ اضافی ٹیکسوں کی بھرمار نے آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ معاشی بدحالی کا ایسا جان لیوا سیلاب ملکی تاریخ میں کبھی نہیں آیا صرف رواں ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 17.8 فیصد اضافہ ہوا۔صنعتوں و دیگر اداروں سے لاکھوں افراد کو بے روزگار کیا گیا، غربت کی شرح میں یہ بڑھتا ہوا اضافہ ایک اور ناکام و لاحاصل تجربے کی منہ بولتی تصویر پیش کررہا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ تبدیلی سرکار کو چلی کے منفی طرزحکمرانی سے سبق لینا چاہئے جہاں بھرپور عوامی مزاحمت نے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور وہ بالآخر مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے معاشی اصلاحات کا پیکیج لانے پر مجبور ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن فری بنانے کے بلندوبانگ دعوے کرنے والے اب تک ملک کو پولیو فری بنانے میں تو کامیاب نہیں ہوسکی قوم کے سامنے یہ حقیقت روزروشن کی طرح عیاں ہے کہ تمام ٹوپی ڈرامے ان کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے اور محض اپنے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے رکھنے کے لئے رچائے جارہے ہیں۔ سیاسی انتقام اب اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ مخالفین کی شہریت منسوخ کی جارہی ہے اور ہزاروں جعلی ووٹ ثابت ہونے کے باوجود سیاسی بونوں کو قوم پر مسلط کیا ہوا ہے۔اتنی بڑھتی ناانصافیوں اور حق تلفیوں نے ملک کو تجربہ گاہ میں تبدیل کررکھا ہے، پسند و ناپسند کا جاری یہ طرزعمل ہماری نظریاتی اکائیوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔
تازہ ترین