وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی جیسے جرائم کی وجہ سے اللہ کا عذاب آتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں قصور اور چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زیادتی کے واقعات کا سن کر شدید صدمہ ہوا، بچوں سے زیادتی جیسے جرائم کی وجہ سے اللہ کا عذاب آتا ہے۔ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کسی دباؤ کے بغیر ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا انقلابی نظام لانے کا مقصد عوام کو مکمل با اختیار بنانا ہے۔ عوام کو صحت کی بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پنجاب میونسپل سروسز پروگرام سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ولیج پنچایت اور نیبرہڈ کونسل کے الیکشن اگلے سال مارچ میں جبکہ لوکل میونسپل اور تحصیل کونسل کے الیکشن مئی تک کرائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے پنجاب کی مالیاتی اور معاشی پالیسی پر اجلاس کی صدارت بھی کی۔ صوبائی وزیر خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اورنج ٹرین کی سبسڈی اور دیگر ایسے منصوبوں کے باعث مسائل درپیش ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کے فلاحی کاموں سے آگاہ کیا جائے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خورد و نوش، گندم اور آٹے کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اسپتالوں کے انتظامی اُمورمیں سزا اور جزا کے نظام پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ تیس اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
وزیراعظم کو صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے محکمہ اوقاف کی زمینوں کی نشاندہی کر کے نجی شعبے کے اسپتالوں کو لیز پردینے کی ہدایت کی۔ ان اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے مستحقین کا علاج بھی ہو گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں امیر کو تو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لیے تو اقدامات کیے گئے۔ مگرغریب اور متوسط طبقے پر توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت ہر شہری کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کرے گی۔