• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی عائد


ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر شکیب الحسن پر دو سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، دو سال کی پابندی میں ایک سال کی سزا معطل ہوگی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن نے متعدد مرتبہ بکیوں کی جانب سے ملنے والی آفرز کو رپورٹ نہیں کیا۔

بنگلادیشی آل راؤنڈر نے جنوری 2018 میں سہ فریقی سیریز اور آئی پی ایل میں کرپشن کی پیشکش کو رپورٹ نہیں کیا۔

شکیب الحسن نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کو قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقیناً پابندی پر مجھے بہت افسوس ہوا ہے تاہم وہ کرپشن کی رپورٹ نہ کرنے پر سزا کو قبول کرتے ہیں۔

بنگلادیشی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی اکثریت کی طرح میں بھی کرکٹ کو کرپشن سے پاک کھیل دیکھنا چاہتا ہوں اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے ایجوکیشن پروگرام کا حصہ بننے کا منتظر ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نوجوان کرکٹرز ایسی غلطی نہ کریں۔

شکیب الحسن کو بھارت کے خلاف 3 نومبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے بنگلادیشی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے حالات بنگلادیشی آل راؤنڈر کے خلاف جارہے ہیں، مقامی ٹیلی کام کمپنی کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدہ کرنے پر شکیب الحسن کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔

تازہ ترین