کراچی (اسٹاف رپورٹر) اولمپک رسائی راؤنڈ میں ناکامی کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ایمسٹرڈیم میں ہالینڈ کے خلاف ایک میچ میں برابری اور ایک میں ناکامی پاکستانی ٹیم کا مقدر بنی۔ البتہ ہیڈکوچ کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ چار کھلاڑی ٹیم کے ہمراہ وطن واپس نہیں آئے ۔ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے ٹیم کی کار کردگی کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔جنگ سےگفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ایک سال سے میچوں میں حصہ نہیں لیا، سات نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ہم نے بہتر کارکردگی دکھائی، عالمی نمبر تین ٹیم کا پہلے میچ میں ہم نے جس طرح مقابلہ کیا اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے، انہیں گروم کیا جائے۔ ہمیں ورلڈ کپ کے رسائی رائونڈ کے لئے ابھی سے تیاری کرنا ہوگی۔ فیڈریشن نے اولمپک رسائی رائونڈ تک ذمے داری دی تھی۔پہلے میچ میں ہا لینڈ کا آخری گول غلط تھا جس پر ہم نے اعتراض کیا ہے۔ ہمیں ڈیفنس، گول کیپنگ اور جارحانہ کھیل کے شعبے پر محنت کرنا ہوگی۔