• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وفاقی کابینہ، کراچی، لاہور، پشاور،ملتان میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی پالیسی منظور

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس


اسلام آباد( نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے بے نامی ٹرانزیکشن (ممانعت )ایکٹ 2017ءکے تحت ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کے ممبران ‘داسو ہائیڈرو پراجیکٹ (اسٹیج ون) کے لئے زمین کے حصول کے لئے اراضی کی نظر ثانی شدہ قیمت کی ادائیگی اور دیگر تخمینوں ،کراچی ، لاہور، پشاور اور ملتان کے بعض مخصوص علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کی اجازت دینے اور وزیر برائے اقتصادی امور کو نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کی جنرل کمیٹی کے ممبرز کے طورپر شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف سیکرٹریٹ قائم کرنے اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت خصوصی کمیٹی بنانے کی منظوری دی گئی‘کابینہ نے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ ایکٹ 2019 اور سوئی سدرن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تنظیم نو کی منظوری دی‘اس کے علاوہ گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی دی گئی۔دوران اجلاس وزارت اطلاعات و نشریات نے غلط ،بے نیاد اور جھوٹی خبروں کے تدارک کے لئے ای۔ نیوز لیٹر کے اجراءکی تجویز پیش کی ،ہر ہفتہ ای نیوز لیٹر کا اجراءہوگا جس میں فیک نیوز پر حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی بر ائے اطلا عات و نشریات ڈاکٹر فردو سعاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں بتا یا کہ وزیرِ اعظم نے ہوابازی ڈویژن کو ہدایت کی کہ ملک کے ہوائی اڈوں کا انتظام بہتر طور پر چلانے کے لئے حکومتی پالیسی کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے ‘کابینہ نے ہوائی کمپنیوں کے لائسنس کی تجدیدکا اختیار متعلقہ وزیرِ کو تفویض کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے وزیر برائے اقتصادی امور کو نیشنل ایگزیکٹیو کمیٹی کی جنرل کمیٹی کے ممبرز کے طورپر شامل کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور ڈائریکٹر جنرل (سی) آئی ایس آئی کو بھی این ای سی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کی کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے فروری تک معیشت کو دستاویزی شکل دینے ، منی لانڈرنگ کو روکنے اور بلیک منی کو ریگولیٹ کرنے کیلئے الرٹ کیا ہے ۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے انٹیلی جنس بنیادوں پر انفارمیشن شیئرنگ چاہئے ۔ اس لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کوجمع کرناضروری ہے۔کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل سنٹرل دائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی خالی آسامی کو پر کرنے کی منظوری دی ۔ کابینہ نےپاکستان ویٹیرنری میڈیکل کونسل میں نئے ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تشکیل ن کی بعد از وقوئی ( ایکس پوسٹ فیکٹو) منظوری دی ۔کابینہ نے پاکستان ایل این جی لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی ۔ کابینہ نے گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی تشکیل نو کی منظوری دی ہے ۔کابینہ نے پاکستان ایل این جی لمٹیڈکے سابق چیف ایگزیکیٹو /منیجنگ ڈائریکٹر عدنان گیلانی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کی بعد ازوقوئی منظوری دی ۔ کابینہ نے چئیرمین متروکہ املاک کو ایم پی ون (منیجمنٹ پے سکیل ون(کے سکیل کے تحت تنخواہ و مراعات دینے کی منظوری دی ۔کابینہ نے دلاور باجوری کو چیف ایگزیکٹیو آفیسر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ ان کی عدم دستیابی کی صورت میں ملک احمد خان کو متبادل امیدوار کے طور پر تصور کرتے ہوئے تعینات کیا جائے گا۔معاون خصوصی برائے سماجی بہبودڈاکٹر ثانیہ مرزا نے کابینہ کو "احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ سکیم"پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس سکیم کا اجراء نومبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔ اس سکیم کے تحت ملک بھر کے پچاس ہزار طالبعلموں کو وظیفے دیے جائیں گے۔یہ وظیفے ان طلبہ کو دیے جائیں گے جو نہ صرف اہل ہیں بلکہ حقدار ہیں اور جن کے خاندانوں کی ماہانہ آمدنی پینتالیس ہزار سے کم ہے۔ اس سکیم کے تحت تمام شعبوں میں وظیفے دیے جائیں گے تاہم جدید اور سائنسی علوم کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کا اطلاق تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں ہوگا۔ اس سکیم کے تحت پچاس فیصد کوٹہ خواتین کے لئے جبکہ دو فیصد کوٹہ معذور طلبہ کے لئے مخصوص ہوگا۔ ان وظیفوں میں ٹیوشن فیس اور رہائش، ٹرانسپورٹ ، کتابوں اور دیگر ضروریات شامل ہوں گی۔کابینہ نے گورنمنٹ آف پاکستان اور گورنمنٹ آف رشیئن فیڈریشن کے درمیان زیر التوا مالی معاملات طے کرنے کی منظوری دی۔ اس منظوری کے تحت روس میں پاکستان کے سفیر کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ روسی حکومت سے ان مالی معاملات کو طے کرنے کے لئے باقاعدہ معاہدہ کریں۔سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور پیش کی جانے والی تجاویزسے آگاہ کیا۔وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ غلط ، بے بنیاداور جھوٹی خبروں کا تدارک کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ایسی خبروں کو بے نقاب کرنے کے لئے ایسی خبروں پر مشتمل ای۔ نیوز لیٹر کا اجراء کیا جائے گا۔ لاہور میں موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے ویدر اسٹوڈیو (Weather Studio) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بھارت سے ماحولیاتی آلودگی ہوا کے ذریعے پاکستان آتی ہے جس سے سموگ میں اضافہ ہوا ہے۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ سرکاری اداروں اور سرکاری ملازمین کے درمیان رابطوں کے لئے وٹس ایپ کی طرز پر اپیلیکیشن تیار کی جا رہی ہے تاکہ کار سرکار کے ضمن میں جہاں سہولت میسر آئے وہاں اس عمل کو محفوظ بنایا جائے۔ اسی طرح پیشہ وارانہ افراد کو نوکریوں کی تلاش میں سہولت بہم پہنچانے کے لئے ایک اپلیکیشن تشکیل دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین