• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر: سابق گورنر کاتالونیا سے پاکستانی وفد کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی سراپا احتجاج ہیں، یورپی ممالک میں رہنے والے پاکستانی مقامی کمیونٹی اور سرکاری اداروں سمیت پارلیمنٹ تک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پیش پیش ہیں۔

اس حوالے سے فرینڈز آف کشمیر کی چیئر پرسن غزالہ حبیب، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور پاکستانی نژاد سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار ممبر پارلیمنٹ حافظ عبدالرزاق صادق نے سابق گورنر صوبہ کاتالونیا اور موجودہ امیگریشن سیکٹر کی مضبوط نمائندہ سوشلسٹ پارٹی مونسرات گارسیا کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

اس ملاقات کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں کیا گیا تھا جہاں چیئر پرسن غزالہ حبیب نے مسئلہ کشمیر کو ہسپانوی ایوانوں، سول سوسائٹی اور ہسپانوی کمیونٹی میں اجاگر کرنے کے لئے سابق گورنر کو ایک یاداشت پیش کی جس میں تصاویر کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ بھارتی حکومت اور ان کی فوج مقبوضہ کشمیر میں کس طرح ظلم و تشدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

یاداشت وصول کرنے اور کشمیر کے بارے میں پاکستانی کمیونٹی کا موقف سننے کے بعد مونسرات گارسیا نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر سے کافی حد تک واقف ہیں اس لئے وعدہ کرتی ہوں کہ اس مسئلہ پر ہسپانوی ایوانوں میں آواز بلند کروں گی اور سوشلسٹ پارٹی سمیت ہسپانوی کمیونٹی کو بتاؤں گی کہ وہ سب مل کر کشمیر کی آزادی اور اُن کے حق خود ارادیت کے لئے آواز بلند کریں۔

روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے مونسرات گارسیا نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر پر بہت متحرک ہے اور وہ مظلوم کشمیریوں کو اُن کا حق دلانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اسپین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ہماری آواز کشمیریوں کی آواز کو مزید توانا بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

اس موقع پر قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے مونسرات گارسیا کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سندھی اجرک پہنائی۔

تازہ ترین