تیزگام حادثے پر شیخ رشید کی دروغ گوئی پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کی نااہلی کے لیئے قوم کو مزید حادثوں کا منتظر ہونا پڑے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیخ رشید تو علاقہ کونسلر کی اہلیت نہیں رکھتے اور ان کو ریلوے کی وزارت دے دی گئی، پاکستانی قوم شیخ رشید سے اب تک کے ریلوے حادثات کا احتساب مانگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص کی زندگی باتوں سے آگے نہیں بڑھی اسے ریلوے کی اہم وزارت سے نوازا گیا ۔اخلاقی گراوٹ کی حد ہے کہ حادثہ کے متاثرین کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں عمران خان کہتے تھے کہ حادثے پر ریلوے کے وزیر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہئے۔ تمام ریلوے اسٹیشنز پر اسکینگ مشینیں ناکارہ اور غیر فعال ہیں۔
ریلوے کے وزیر کو ریلوے سے زیادہ اپنی سیاسی دکان داری کی فکر ہے۔ وہ امدادی کاروائیوں کے بجائے الزام تراشی کی بیان بازی میں مصروف عمل ہیں۔