• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’واقعے میں ریلوے کی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے‘

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تیز گام ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی اکانومی کلاس میں تبلیغی جماعت کے امیر حسین صاحب نے 2 کوچز بک کروائی تھیں۔

’واقعے میں ریلوے کی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے‘، شیخ رشید


امیر حسین صاحب کی بک کروائی گئی کوچز میں حیدر آباد، محراب پور اور  نواب شاہ سے مسافروں کو بٹھایا گیا۔

شیخ رشید نے بتایا کہ امیر حسین صاحب خیریت سے ہیں، ہمارا ان سے رابطہ بھی ہوگیا ہے اور ان سے مسافروں کی فہرست بھی ہمیں جلد ہی مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ ہلاکتیں مسافروں کے چلتی ٹرین سےچھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں جبکہ شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیاجارہا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مسافروں کےدو سلنڈر اور ایک چولہا پھٹنے کے باعث بوگیوں میں آگ لگی تھی۔

وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ حادثے میں شہید ہوجانے والے افراد کے لیے فی کس 15 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا جاتا ہے۔

انہوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے پر پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ آرمی چیف کی جانب سے میرے لیے فضائی ٹرانسپورٹ کا انتظام کیے جانے کے بعد میں خود نور خان ایئر بیس سے جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو رہا ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے رائے ونڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا جس کے بعد تبلیغی جماعت کی بڑی تعداد اپنے اجتماعوں میں شرکت کے لیے پاکستان ریلوے میں سفر کو ترجیح دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے۔ مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے، اس کی تحقیقات کی جائے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ مسافر چولہے اپنے تھیلے میں رکھ دیتے ہیں، قانون سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کریں گےمسافر سلنڈر لےکر کون سے اسٹیشن سے چڑھے تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ تمام رُکی ہوئی 134ٹرینیں چلنا شروع ہوگئیں ہیں۔

تازہ ترین