• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 74 ہوگئی

ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 74 ہوگئی


کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین میں رحیم یار خان کے قریب لگنے والی آگ کے نتیجے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے، کئی مسافروں نے جان بچانے کےلیے کھڑکیوں سے چھلانگ لگائی، چالیس سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے۔

سانحے میں زخمی ہونے والوں نے انکشاف کیا کہ کچھ مسافر سلنڈر پر چائے بنارہے تھے، لیک ہونے والا سلنڈر گرا تو چولہے اور سلنڈر دونوں نے آگ پکڑ لی، دھواں پھیلنے سے دم گھٹنے لگا تو چلتی گاڑی سے چھلانگ لگادی۔

یہ بھی پڑھیے: واقعے میں ریلوے کی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے، شیخ رشید

کراچی سے جانے والی بدقسمت تیزگام کو لیاقت پور میں شعلے چاٹ گئے،جس ٹرین کی منزل راول پنڈی تھی اس کی تین بوگیوں کے مسافر موت کی گھاٹیوں میں اتر گئے۔

صبح ساڑھے چھ بجے ٹرین لیاقت پور پہنچی ،اس کی اکانومی کلاس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ایک اور اکانومی اور بزنس کلاس کی بوگی کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔

ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 74 ہوگئی
اکانومی کلاس میں لگنے والی آگ نے ایک اور اکانومی اور بزنس کلاس کی بوگی کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔

کالے سیاہ دھویں نے بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا تو کئی مسافروں نے جان بچانے کے لیے بوگیوں سے چھلانگ لگادی، کئی بد قسمت بوگیوں میں ہی بے ہوش ہوگئے اور بے ہوشی میں ہی زندگی ہار گئے،جن بوگیوں میں زندگی کی حرارت تھی وہاں اب راکھ اور خاک تباہی کی داستان سنارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کا ہنگامی بنیاد پر حادثے کی تحقیقات کا حکم

حادثے کے بعد ریسکیو، پولیس ، ایدھی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے بھی امدادی آپریشن شروع کیا،زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر سےاسپتالوں میں منتقل کیا گیا، 13 میتوں کی شناخت ہوگئی، اٹھاون اب بھی ناقابل شناخت ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ بوگیوں میں دو سو سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں سے بیشتر کا تعلق ٹنڈوجام،ٹنڈوالہ یاراور میرپورخاص سے تھا۔

یہ بھی پڑھیے: تیز گام حادثے کی معلومات کیلئے ہیلپ لائن قائم

متاثرہ ٹرین کی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹا کر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ تیز گام کی ہنگامی بنیادوں پر فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

تازہ ترین