• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی یورپ کے زیراہتمام آصف زرداری کیلئے دعائے صحت کا انعقاد

لندن (پ ر) پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے تحت ایسٹ لندن کے ریسٹورنٹ میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کیلئے خصوصی دعائے صحت کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ابرار میر قائم مقام صدر پیپلزپارٹی یورپ نے کیا جبکہ یونان سے آئے ہوئے ڈاکٹرطارق جاوید سلہریا نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ نے خصوصی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض یونس آفریدی جنرل سیکرٹری ایسٹ لندن نے ادا کئے جبکہ سردار آصف سنئیر نائب صدر ساؤتھ زون نے تلاوت اور آصف علی زرداری کیلئے دعائے صحت کی۔ تقریب سےابرار میر قائم مقام صدر یورپ، ڈاکٹر طارق سلہریا نائب صدر یورپ، میاں سلیم صدر گریٹر لندن، سردار طارق گجر نائب صدر ڈسٹرکٹ گجرانوالہ، چوہدری مقبول حسین صدر پیٹر برا، چوہدری نثار جوائنٹ سیکرٹری گریٹر لندن، چوہدری سر نواز نائب صدر ایسٹ لندن اور افضل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آصف علی زرداری کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور انہیں اور فریال تالپور کو جھوٹے مقدمات میں رہائی مل جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی نااہلی اور ناکامی کا بدلہ لینے کیلئے انتقامی سیاست کررہی ہے کہ جسکا پاکستان کو دن بدن نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا آصف علی زرداری نے کبھی کوئی سہولت نہیں مانگی لیکن انہیں علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں سیاسی انتقام والی سیاست کا خاتمہ کردیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے سیاسی انتقام کے کلچرکو نہ صرف فروغ دیا بلکہ اس میں شدت پیدا کردی۔ انکا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو گزشتہ ادوار میں بھی بغیر سزا کے آٹھ سال اور تین سال پابند سلاسل رکھا گیا مگر وہ جھکے نہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں تاریخی کام سرانجام دیئے۔ آج جب پاکستان اور جمہوریت کو انکی شدید ضرورت ہے توحکومت نے آصف علی زرداری کو ایک بار پھر بغیر سزا کے جیل بھیج دیا ہے۔ تمام رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں پارٹی قیادت کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھانی چاہئے اور اپنے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے متحد ہوکر کام کرنا چاہئے۔ اس سے پہلے یونان سے آئے ہوئے مہمان ڈاکٹر طارق جاوید سلہریا کا پھول پیش کرکے استقبال کیا گیا۔ تقریب میں میاں شاہجہاں، اعجاز کنجراہی،افتخار حسین، فراز احمد، محمد عالم اور چوہدری حسنین کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں کشمیر کی آزادی اور نصرت بھٹو، شہدائے کشمیر اور شہدائے سانحہ کارساز کیلئے بھی دعا کی گئی۔

تازہ ترین