• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کا شیخ رشید سے حادثے کی تحقیقات تک مستعفی ہونے کا مطالبہ

کراچی، لاہور، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر ،نمائندگان جنگ، خبرایجنسی) اپوزیشن جماعتوں نے شیخ رشید سےحادثے کی تحقیقات تک مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، بلاول بھٹو، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمن، سراج الحق نے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا، ایم کیو ایم پاکستان نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رحیم یار خان ٹرین حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو فوری طور پر مستعفی ہوجا نا چاہیے،اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان الیکشن سے قبل کیا گیا وعدہ پورا کریں وہ کہتے تھے کسی بھی ملک میں سانحہ رونما ہوجائے تو متعلقہ وزیر کو تحقیقات مکمل ہونے تک اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ، رحیم یار خان میں70سے زائد انسانی جانیں لقمہ اجل بن گئیں لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹرین حادثے کی جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔مسلم لیگ (ن) کے صد رمحمد شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام، لواحقین کو صبرجمیل اورزخمیوں کو جلد صحتیابی دے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تیز گام ٹرین میں آگ لگنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔سینیٹر سراج الحق نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے، سینیٹر سراج الحق نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔

تازہ ترین