جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما عبدالغفور حیدری نے وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لبنانی وزیر اعظم کی طر ح مستعفی ہوجائیں۔
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کے تیر برسا دیئے۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان لبنان کے وزیر اعظم کی طرح عوام کی آواز سنیں اور اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان یاد رکھیں یہ ایک یا دو دن کا دھرنا نہیں، یہ تحریک ہےاسے انجام تک پہنچائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ عمران خان کب تک ملک اور عوام کو جھوٹ کی بنیاد پر چلاتے رہیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری آج کے جلسے کے بعد قائدین آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جلسے سےاپوزیشن کی مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سمیت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور محمود اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔