عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
رپورٹس کے مطابق جوڑی 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شادی کی تقریب مین ہیٹن کے وسطی علاقے میں منعقد ہو گی، تاہم تقریب کے درست مقام کو تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مڈل آف مین ہیٹن کی اصطلاح کئی مشہور مقامات کی جانب اشارہ کر سکتی ہے، جن میں روکفیلر سینٹر، ریڈیو سٹی میوزک ہال، سینٹرل پارک اور نیویارک پبلک لائبریری شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنے قریبی دوستوں کو ذاتی طور پر سیو دی ڈیٹ پیغامات بھیجے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر تقریب کے مقام کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا، بعض مہمانوں کو مبینہ طور پر ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے معلومات فراہم کی گئی ہیں جبکہ باضابطہ دعوت ناموں کے بارے میں کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوڑا تقریب کی رازداری اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہا ہے تاکہ میڈیا اور عوامی توجہ سے بچا جا سکے۔
اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی تھیں کہ شادی نیویارک کے بجائے روہڈ آئی لینڈ میں منعقد ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے گزشتہ سال اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، دونوں کی محبت کی کہانی دنیا بھر میں مداحوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے اور اب ان کی ممکنہ شادی بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
تاہم اب تک نہ ٹیلر سوئفٹ اور نہ ہی ٹریوس کیلسی نے شادی کی تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔