افریقی ملک نائیجر کے صحرائے صحارا میں ٹرک خراب ہو کر پھنسنے والے 50 افراد پیاس سے ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ لوگ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد مالی سے واپس آ رہے تھے جب ان کا ٹرک خراب ہو گیا، ٹرک خراب ہونے کے باعث یہ لوگ کئی دنوں تک پھنسے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زیادہ تر لاشیں ٹرک کے نیچے اور اس کے اطراف سے ملیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈرائیور اور مسافروں نے کئی دنوں تک ٹرک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں ٹرک میں موجود پانی کا ذخیرہ ختم ہونے سے ہلاکتیں ہوئیں، تاہم 2 افراد زندہ بچے جو پیدل صحرا عبور کر کے قریبی علاقے میں پہنچے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے تمام افراد نائجر کے شہری تھے، جن کو مقامی حکام کی جانب سے علاقے میں بھیجی گئی ریسکیو ٹیم نے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ لوگ ایسے علاقے میں پھنسے جہاں درجۂ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے اور ایسے علاقے میں کوئی چیز یا مدد بھی دستیاب نہیں ہوتی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جائے وقوع سے واپس آنے کے دوران ریسکیو ٹیم کو ایک اور ٹرک خراب حال میں ملا جس میں 60 سے زائد افراد سوار تھے، یہ ٹرک بیٹری خراب ہونے کی وجہ سے 3 دن تک وہیں پھنسا رہا تھا۔
ریسکیو ٹیم میں شامل فوجی اہلکاروں نے ان پھنسے اور تھکے ہوئے مسافروں میں پانی تقسیم کیا اور ٹرک کی مرمت میں مدد کی جس کے بعد ٹرک اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔