جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میرا موقف اکیلے کا موقف نہیں تمام اپوزیشن کا موقف ہے، سب نےاس کامیاب ترین آزادی مارچ پرخوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج ہماری رہبرکمیٹی کا اجلاس ہے،آئندہ کالائحہ عمل مشاورت سےطےکریں گے۔
انہوں نے اجلاس کے بارے میں کہا کہ اسلام آباد میں عوام کے اتنی بڑی تعدادمیں آنے پر تاثرات کے لیے ہماری ملاقات تھی۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادی مارچ کی موجودہ صورتحال، وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ سمیت دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔
قبل ازیں مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم کو استعفے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی ۔
آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ استعفے کے لیے دو دن دے رہے ہیں، صبر کا امتحان نہ لیا جائے ورنہ عوام کا سمندر یہ طاقت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو وزیراعظم ہائوس جا کر گرفتار کر لے۔