• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس عاشق اور تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے درمیان جیو پر دلچسپ مکالمہ

آپ بہت کامیاب سیاستدان
آصف زرداری کے بعد عمران خان کی ترجمان بنیں، ڈاکٹر بھی قابل ہیں، سائنسدان بھی اچھی ہیں،دلوں کے بھید بھی جانتی ہیں، آپ یہ اتنا سب کچھ مینیج کرلیتی ہیں؟،ارشاد بھٹی کا سوال

اسی طرح مینیج کرلیتی ہوں جیسے آپکا سفر میریٹ سے شروع ہوتا ہے، بیکری کی مارکیٹنگ کرتے ہوئے صحافی بن جاتے ہیں پھراچھے بزنس مین کا روپ دھار لیتے ہیں،میری ذات سے مسئلہ ہے تو کسی لائیو پروگرام میں آجائیے گا،فردوس عاشق

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے درمیان جیو کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں معمول سے ہٹ کر دلچسپ مکالمہ ہوا جس میں ارشاد بھٹی نے فردوس عاشق اعوان سے سوال کیا کہ آپ بہت کامیاب سیاستدان ہیں کہ آصف زرداری کی ترجمان کے بعد عمران خان کی ترجمان بنیں، آپ ڈاکٹر بھی قابل ہیں تب ہی آپ کو پتا چلتا ہے کہ نہاری اور پائے کھانے والوں کے پلیٹ لیٹس کم نہیں ہوتے، آپ سائنسدان بھی اچھی ہیں تب ہی آپ کو پتا چلتا ہے کہ زلزلہ تبدیلی کی وجہ سے آیا کرتا ہے، آپ دلوں کے بھید بھی جانتی ہیں آپ کو پتا ہے کہ دو دو ٹکے کا بندہ کون ہے، آپ یہ اتنا سب کچھ مینیج کرلیتی ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئےفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ارشاد بھٹی صاحب میں یہ سب اسی طرح مینیج کرلیتی ہوں جس طرح آپ کا سفر میریٹ سے شروع ہوتا ہے اور بیکری کی مارکیٹنگ کرتے ہوئے آپ صحافی بن جاتے ہیں اور پھر ایک اچھے بزنس مین کا روپ دھار لیتے ہیں، آپ نے جہاں میری اتنی تعریف بیان کی یہ بھی بتادیں کہ میرے 95ہزار ووٹ میری طاقت ہیں ،یہ بھی بتادیں کہ میں ایک سٹنگ اسپیکر کو ہرا کر پارلیمنٹ میں آئی تھی مجھ پر آصف زرداری کا کوئی احسان عظیم نہیں تھا، اگرآپ کو میری ذات سے مسئلہ ہے تو علیحدہ بیٹھ کر ایک دوسرے کی اچھائیاں بیان کریں گے، آپ کی یہ خواہش میں ضرور پوری کروں گی کسی لائیو پروگرام میں آپ بھی آیئے گا میں بھی آؤں گی پھر پتا چل جائے گا عوام اور ملک کا درد کس کے دل میں ہے اور آپ کا درد کس کس کی جیب میں ہے۔
تازہ ترین