• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ’ٹی 10‘ لیگ میں کھلاڑیوں کو روکنے میں پی سی بی’ ناکام ‘ہوگیا؟

شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں 14 سے 24 نومبر تک منعقد ہونے والی ٹی 10لیگ میں پی سی بی کی غیر واضح پالیسی کے باعث کھلاڑیوں میں شدید نوعیت کی بے چینی پائی جاتی ہے، کھلاڑیوں کے ایجنٹس اس بارے میں بورڈ کی جانب سے صاف چھپتے بھی نہیں، سامنے آتے بھی نہیں کی پالیسی کے سبب حیران ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بورڈ اپنے ای میل میں وضاحت دے چکا ہے، قائداعظم ٹرافی میں کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے پیش نظر اور مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، نیشنل اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے۔

دوسری جانب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آئی سی سے باقاعدہ منظور شدہ لیگ میں بورڈ کیسے اپنے کھلاڑیوں کو کھیلنے سے روک سکتا ہے.

یہ سارا معاملہ اس تناظر میں بھی پیچیدہ ہوگیا ہے کہ بورڈ نے اجازت دے کر این او سی واپس لے کر اس صورت حال کو پیچیدہ بنا دیا ہے، اور اب چیئر مین اور چیف ایگزیکٹو کی طرف سے اجازت واپس لینے کی خبروں کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا نام سامنے آنے کے بعد اور بھی افراتفری کی کیفیت نمایاں ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی اور عمران نذیر سے متعلق صورت حال واضح ہے کہ وہ لیگ کھیلنے جارہے ہیں، اور پی سی بی خاموش ہے، اب تازہ اطلاعات ہیں کہ دو سابق کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی لیگ میں جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، اور دیگر کھلاڑی بھی بورڈ کی غیر واضح پالیسی پر اپنی متعلقہ ٹیموں کو اپنی دستیابی سے باقاعدہ آگاہ کر چکے ہیں۔

آسڑیلیا کے دورے پر موجود عماد وسیم ، محمد عامر اور وہاب ریاض کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ وہ بھی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس تناظر میں یہ ساری صورت حال پی سی بی کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ، کیونکہ اگر بورڈ ’ٹی 10‘ لیگ میں کھلاڑیوں کا این او سی واپس لینے کا اعلان کر چکا ہے، اور ایسے میں پاکستانی کرکٹرز لیگ میں کھیلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ، تو پی سی بی کےچیئر مین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی اہلیت پر سوال اٹھ جائیں گے؟

’ٹی 10‘ لیگ کے بارے بورڈ کے لیے سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ کچھ کرکٹرز نے اس حوالے سے حدیں عبور کرتے ہوئے بورڈ کو چیلنج کیا ہے اور ’ٹی 10‘ لیگ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔

تازہ ترین