اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے نتیجہ میں فریقین کے درمیان برف پگھل گئی۔ ملاقات کے بعد چوہدری پرویز الٰہی نے اخبار نویسوں سے ملاقات میں کہا کہ معاملات انشاء اللّٰه بہتری کی طرف جائیں گے‘ دھرنے سے سب کیلئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں‘ ہم سہولت کار کا کردار ادا کرینگے اور آج منگل کو وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو چیزیں جلدی ٹھیک ہو جاتی ہیں‘ مایوسی گناہ ہے‘ اور ہم نے مایوسی کی طرف نہیں جانا راستہ نکالنا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ سنیٹر عطاء الرحمان‘ رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی‘ سنیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے جبکہ صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر چوہدری پرویز الٰہی کے ہمراہ تھے۔