• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کا ملکی اقتصادی صورتحال پر اطمینان کا اظہار

کابینہ کا ملکی اقتصادی صورتحال پر اطمینان کا اظہار


وفاقی کابینہ نے ملک کی مثبت اقتصادی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزراء کو محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی اور آئندہ 3 ماہ کا روڈ میپ دیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے کی پالیسی بھی منظور کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے بابا گرونانک کے جنم دن پر کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس سے متعلق میڈیا بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ کرتارپور راہداری پر صرف 9 اور 10 نومبر کو انٹری فیس نہیں لی جائے گی۔

ڈاکٹر فردوس اعوان نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ایک سال کے لیے ختم کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، دھرنا سیاست قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کا مفاد موجودہ نظام سے ہی وابستہ ہے، اسی لیے وہ نظام میں اصلاحات نہیں چاہتی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ دنیا میں 20 فیصد آلودگی ٹرانسپورٹ کے باعث ہے، الیکٹرک وہیکل کی مقامی طور پر تیاری پر مراعات دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2030 تک پاکستان میں 30 فیصد الیکٹرک گاڑیاں چلانے کا ہدف ہے۔

وفاقی کابینہ نے میجر جنرل عامر مجید کو ڈی جی رینجرز پنجاب تعینات کرنے، ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق اور سی ڈی اے کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی ہے۔

تازہ ترین