لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے غلط اقدامات اور رویے کی وجہ سے سیاست اور جمہوریت بند گلی میں ہے۔وزراءکے بیانات سے لگتا ہے حکومت خود حالات میں بہتری نہیں چاہتی ۔وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ احتجاج کے لیے آنے والوں کو کنٹینر بھی دیں گے اور کھانا بھی کھلائیں گے۔مگر لوگ شدید سردی میں بیٹھے ہیں نہ انہیں کھانا دیا جارہا ہے اور نہ کوئی رضائیوں کا انتظام ہے۔حکومت کم از کم اپنے کسی ایک وعدے کو تو پورا کرے تاکہ ریکارڈ پہ آجائے۔سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکومت بے وقعت ہوکر رہ گئی ہے،سینیٹ اور قومی اسمبلی موجود ہے لیکن فیصلے صدارتی آرڈیننس سے کئے جارہے ہیں،آمریت کی طرح حکومت منتخب ایوان کو کوئی اہمیت نہیں دے رہی۔اسلام آباد لاوارث شہر اور حکومت خود محصور ہوگئی ہے۔عوام حکومت کیخلاف نکل پڑے ہیں یہی حکومت کی غیرمقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔وزراءکے بیانات آگ پر پانی ڈالنے کی بجائے تیل ڈال رہے ہیں۔ جس سے اشتعال میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔