اسلام آباد (نمائندہ جنگ)راولپنڈی کےتھانہ کینٹ کے علاقےچھوٹا بازار کوئلہ سنٹر میں اچانک فائرنگ کر کے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے دو مقامی رہنما قتل کر دئیے گئے ، پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ کے علاقے کوئلہ سنٹر میں وارڈ نمبر تین کے سابق چیئر مین زکوۃ کمیٹی محمود حسین عرف گڈو اور پیپلز پارٹی وارڈ نمبر تین کے صدر تاجرحاجی طاہر محمود عرف طاری بٹ کے ساتھ تندور پر کھڑے تھے کہ اسی دوران ایک کم عمر لڑکا پیدل ان کے قریب آیا اور اچانک فائرنگ کر دی ، جس سے دونوں کئی کئی گولیاں لگنے سےمو قع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، ایس پی پوٹھوہار سید علی کے مطابق تفتیش کے لئے پولیس کی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ دوہرے قتل کیوجہ معلوم نہیں ہو سکی ،دونوں نعشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں پولیس مصروف تفتیش ہے۔