• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

دھرنے کا معاملہ طے ہوجائے گا، وزیراعظم

مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، وزیر اعظم عمران خان


اسلام آباد (ایجنسیاں ) جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو تسلی دی ہے کہ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا‘ آپ لوگ فکر مند نہ ہوں ‘ طب کےشعبے کو لوگوں نے دکانداری بنالیا ہے‘ ان کا قبلہ درست کرنا ہے‘مہنگائی کے خلاف میراساتھ دیں ‘ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ادھر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہناہے کہ مولانافضل الرحمن کو جوڈیشل کمیشن یا پارلیمانی کمیٹی کو طاقتور بنانے کی تجویز دی ہے ‘معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، جلد قوم کو اکٹھی خوشخبری سنائیں گےجبکہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی صرف مذاکرات کررہے ہیں ‘ فیصلہ حکومتی کمیٹی کریگی۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران عمران خان نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضر رہنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں پاکستان میڈیکل اتھارٹی کا بل پاس کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے کو لوگوں نے دکانداری بنایا ہوا ہے، لوگ اپنے میڈیکل کالج چلا رہے ہیں اور بورڈ کے ممبران بھی ہیں، میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات لا کر ان کا قبلہ درست کرنا ہے‘یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں‘اس میں ملوث لوگوں کےلیے سخت سے سخت سزا تجویز کریں گے، پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کا عمل تیز کیا جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے‘ مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔ دریں اثناءاسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پرویز الٰہی صرف مذاکرات کررہے ہیں ‘ فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے‘ ہمارے ممبران کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور دیگر افراد کے ساتھ رابطہ ہے‘ اپوزیشن جب چاہے تحریک عدم اعتماد لے آئے‘ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے تاہم ڈیڈ لاک وزیراعظم کے استعفے اور جلدی الیکشن پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ثبوت دیں‘ بات آگے چلے گی‘ بغیر ثبوت کے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں‘اس سے تو ایسا رواج بن جائیگا کہ ملک میں جمہوریت نہیں رہے گی۔ ایسا لگ رہا ہے کہ فضل الرحمان 12 نومبر تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

علاوہ ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن سمیت جن معاملات پر مولانا فضل الرحمان راضی ہوں گے ان ہی پر بات چیت ہوگی، معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، جلد قوم کو اکٹھی خوشخبری سنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے جمعرات کو یہاں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم پرامید ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں۔ معاملہ کے حل کےلئے بہت ساری تجاویز ہیں، قوم کو جلد ایک ہی مرتبہ خوشخبری سنائیں گے۔پرامید ہیں کہ جلد مثبت نتیجہ نکلے گا۔

تازہ ترین