سابق وزیراعظم نوا ز شریف کو اُن کی والدہ بیگم شمیم اختر نے بیرون ملک علاج کے لیے جانے پر راضی کیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک نہیں جانا چاہتے تھے، مگر والدہ بیگم شمیم اختر اور دیگر اہلخانہ کے اصرار پر حامی بھرلی۔
یہ بھی پڑھیے:حکومت نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دیدی
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم علاج کے لیے اگلے ہفتے لندن روانہ ہوسکتے ہیں، ان کے ہمراہ چھوٹے بھائی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی ہوں گے۔
نواز شریف جو پلیٹ لیٹس میں کمی، شوگر، بلڈ پریشر اور عارضہ قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، کی آئندہ چند روز میں لندن روانگی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے تمام نجی اور سیاسی مصروفیات ترک کردی ہیں اور وہ زیادہ تر وقت اپنے بھائی کی تیمار داری میں گزار رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کے سروسز اسپتال میں قیام کے دوران انہیں بیرون ملک بھیجنے کی تجویز زیر غورآئی تھی۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ فضائی سفر کے لیے ایئر ایمبولینس پلیٹ لٹس 50ہزار سے زائد اور ڈاکٹرز کا ساتھ ہونا ضروری ہے، ورنہ پریشر پڑنے سے دماغ کی شریانیں متاثر ہوسکتی ہیں۔