• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹی 20، بابراعظم اور مصباح قومی ٹیم کو ’’سرفراز‘‘ کرنے میں ناکام، سیریز آسٹریلیا کے نام

آسٹریلیا نے تیسرا ٹی20 اور سیریز جیت لی، پاکستانی بیٹنگ مکمل ناکام


پرتھ( جنگ نیوز) سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کی قیادت سنبھالنے والےنئے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق آ سٹریلین سر زمین پر میزبان ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کو سرفراز کرنے میں ناکام ثابت ہوئے، آ سٹریلیا نے سیریز اپنے نام کر لی،آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میں بآسانی 10وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز0-2سے جیت لی،آخری میچ میں بھی پاکستانی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی، افتخار احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کریز پر مزاحمت نہ کرسکا۔

 اس میچ کے لئے پاکستان ٹیم میں 4تبدیلیاں کی گئی ۔ فخرزمان، آصف علی، وہاب ریاض اور محمدعرفان کو ڈراپ کر کے امام الحق، خوش دل شاہ، محمد حسنین اور موسیٰ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیاتھا۔ سٹریلیا کی ٹیم میںایڈم زمپا اور پیٹ کمنز کی جگہ شان ایبٹ اور بلی اسٹین لیک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ تیسرے میچ میں پاکستانی بولرز بھی کچ نہ کرسکے، آسٹریلوی بولرشون ایبٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور اسٹیواسمتھ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو آزمانے کا فیصلہ کیا، ناکام بیٹنگ کے باعث پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 106 رنز بنا سکی، افتخار احمد نے 45 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، کین رچرڈسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آسٹریلیا نے ہدف 11.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، ایرون فنچ نے 52 اور ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،قبل ازیں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح پھر ناکام رہی، 15 کے مجموعی اسکور پر مچل اسٹار نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرکے پاکستانی بیٹنگ کی کمر توڑ دی، بابر اعظم 6 اور رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کو تیسرا نقصان 22 کے مجموعی ا سکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر امام الحق 14 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر میک درمٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، حارث سہیل اس بار بھی ناکام رہے اور 8 رنز بنانے کے بعد ایشٹن ایجر کا شکار بن گئے، ڈیبیو ٹی 20 کھیلنے والے خوشدل شاہ بھی متاثر نہ کر سکے اور 8 رنز بنانے کے بعد کین رچرڈسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، عماد وسیم چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر ایجر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے 45 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، محمد عامر 9 اور محمد حسنین 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، کین رچرڈسن نے تین جبکہ مچل سٹارک اور کائل ایبٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے 107 رنز کا آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، ایرون فنچ نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 52 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔

تازہ ترین