• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفیٰ اچھا نہیں لگتا تو ایک دو ماہ میں الیکشن کرا دیں، جے یو آئی

اسلام آباد(صباح نیوز، جنگ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل و اپوزیشن رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفے سے کم پر بات نہیں ہوگی، اگر انہیں استعفیٰ اچھا نہیں لگتا تو ایک دو ماہ میں الیکشن کا اعلان کردیں، ہماری طرف سے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں، تصادم کی طرف تو حکومت لے جارہی ہے،کام لٹک گیا ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم کے استعفے کے بغیر معاملہ حل ہو، حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی باوقار انسان ہیں اور ان سے ماضی میں بھی تعلق رہا ہے۔ 

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات با مقصد ہونے چاہئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے تسلیم کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی اس کوشش میں ہیں کہ ہم وزیراعظم کے استعفے سے پیچھے ہٹ جائیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ وزیراعظم کا استعفیٰ اور نئے انتخابات کا انعقاد ہے۔ غفور حیدری نے کہا کہ ڈیڑھ سال ہو گیا لیکن پارلیمانی کمیٹی ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب حکومت نے ہم سے رابطہ کیا تو اسی وقت ہم نے اپنا موقف واضح کردیا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ استعفے اور انتخابات پر بات کرنی ہے تو ہم حاضر ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ ہماری طرف سے بند نہیں ہے لیکن اگر حکومت بند کرنا چاہتی ہے تو ہم کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تصادم کی طرف تو حکومت لے کر جارہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقف واضح ہے اور ہم گزشتہ آٹھ دس دن سے پرامن طور پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کا معاملہ کچھ اور تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تحریک ہے اور ہمارے قدم آگے بڑھیں گے۔ 

ادھر حافظ حمداللّہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تین روز میں عوام کو سرپرائز دیں گے جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا ہمارا سرپرائز اور تحریک انصاف کا 126 دن کا دھرنا مختلف ہے۔

تازہ ترین