• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحۂ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی، ریسکیو آپریشن جاری

گل پلازہ آتشزدگی میں 28 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے اب تک 11 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔

گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ نے درجنوں خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

تلاش کے عمل میں ملنے والی حالیہ 3 لاشوں کی شناخت محمد شہروز، محمد رضوان اور مریم کے نام سے ہوئی ہے، دیگر جاں بحق افراد میں کاشف،عامر، فراز، فاروق، فرقان، محمد علی، تنویر شامل ہیں، اب تک 11 لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق 28 افراد کی میتیں سول اسپتال لائی گئیں ہیں، جن میں سے 17 لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ناقابل شناخت لاشوں کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کر کے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ میتوں کو ایدھی سردخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

سی پی ایل سی کی قائم کردہ انفارمیشن ڈیسک پر اب تک 51 افراد سے خون کے نمونے لئے جا چکے ہیں تاکہ شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے.

ڈی سی ساؤتھ کے مطابق اب تک 85 افراد لاپتہ ہیں۔

ڈی این اے سیمپلز کی پروفائلنگ جامعہ کراچی کی سندھ فرانزک ڈی این اے اینڈ سیرولوجی لیبارٹری میں جاری ہے، ذرائع کے مطابق لاشوں کے جلے ہونے کی وجہ سے اس عمل میں وقت لگ سکتا ہے، میتوں کی شناخت کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔

دوسری جانب عمارت میں ریسکیو اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے، چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کے دوران بار بار آگ بھڑک اٹھتی ہے، جس کے باعث آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ان کے مطابق ریسکیو عمل مکمل ہونے میں 15 دن لگ سکتے ہیں۔

ہمایوں خان نے مزید بتایا ہے کہ گل پلازہ کی پہلی اور دوسری منزل کی سرچنگ کی گئی ہے جبکہ شدید تپش کے باعث بعض حصوں میں آپریشن عارضی طور پر روکنا پڑا، چھت پر بنی پارکنگ سے 32 گاڑیاں بھی نکال لی گئی ہیں۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ کراچی میں فائر اسٹیشنز کی شدید کمی ہے، محدود وسائل کے باوجود عملہ اپنی استطاعت سے بڑھ کر کام کر رہا ہے، کراچی کو مزید فائر اسٹیشنز اور آلات کی اشد ضرورت ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹر اور ریسکیو کی ٹیمیں تیسری منزل تک پہنچ گئیں ہیں، پہلی اور دوسری منزل کو پہلے کلیئر کردیا گیا تھا، ریسکیو اہلکار تیسری منزل میں اسنارکل کے ذریعے داخل ہوئے ہیں، ایک آدھ دن میں ملبے کو کلیئر کرنے کا مرحلہ شروع ہوگا، گل پلازہ کے پہلے فلور پر قائم مسجد کو کلیئر کیا گیا، ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ مسجد میں کوئی شخص نہیں تھا تاہم وہاں رکھے قرآن پاک کے تمام نسخے محفوظ حالت میں ملے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید