اسلام آباد (فاروق اقدس) کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب جو ہر اعتبار سے ایک کامیاب، بھرپور اور تاریخی حقیقت رکھنے والی تقریب تھی اور اس کی کامیابی پر جہاں دنیا بھر سے آئی ہوئی سکھ برادری مذہبی عقیدت سے سرشار دکھائی دیتی تھی۔
وہاں وزیراعظم عمران خان بھی ایک ریکارڈ دورانیے میں اس کی تکمیل کا کریڈٹ لے رہے تھے لیکن اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی کمی شدت سے محسوس کی گئی۔
سرحد پار سے آئے ہوئے یاتری بھی اپنے ہاتھوں میں موبائل فون اٹھائے پاکستانی فوج کے سپہ سالار قمر جاوید باجوہ کے ساتھ سیلفی بنانے کے لئے منتظمین سے ان کے بارے میں دریافت کرتے رہے ۔
ایک سفارتی ذریعہ کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے بھی کچھ دن قبل اسلام آباد میں بعض حکومتی ذرائع سے معلوم کیا تھا کہ جنرل باجوہ صاحب تقریب میں شرکت کریں گے تو اس وقت انہیں یہ جواب دیا گیا تھا کہ فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا جبکہ تقریب میں موجود ایک انتظامی شخصیت کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو منتظمین سے پوچھتے رہے کہ جنرل صاحب کیوں نہیں آئے۔
میں تو جپھی پاکے (گلے مل کر) انہیں مبارکباد دینا چاہتا تھا۔ یہ میری خواہش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری یہ خواہش پوری نہیں ہوئی۔