• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قبضے برقرار عوام تاحال تبدیلی کے منتظر

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی تجاوزات اور انتظامیہ کی طرف سے ٹھوس اقدامات کی بجائے رسمی کارروائیوں کے باعث شہر میں ٹریفک سمیت دیگر مسائل نے لوگوں کی زندگی مشکل بنا دی۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے برسراقتدار آنے سے قبل تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کیخلاف ٹھوس اقدامات کا وعدہ کیا تھا جس پر شروع کے چند ہفتے عمل ہونے کے بعد اب پی ٹی آئی کی مقامی قیادت وہی سب کچھ کر رہی ہے جو مسلم لیگ کے دور میں ہوا کرتا تھا، سیاسی سرپرستی اور مک مکا کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ کمرشل تعمیرات جاری ہیں، اس کے علاوہ رہائشی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کمرشل تعمیرات نے بھی لوگوں کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے۔شہر کے تقریباً تمام فٹ پاتھوں پر پہلے ہی قبضہ مافیا کا راج تھا اب سیاسی سرپرستی اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے سڑکوں پر بھی قبضہ ہوتا جا رہا ہے، جگہ جگہ ریڑھیوں والے بلاخوف وخطر دندناتے پھرتے ہیں،غلط پارکنگ بھی ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ کی بہت بڑی وجہ ہے، چاہ سلطان، امرپورہ، ڈبو روڈ، کھنہ روڈ، کری روڈ، چکلالہ روڈ، بند کھنہ روڈ اور گرد ونواح کے علاقوں میں پوری کی پوری سڑک فرنیچر بنانے، پرانی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس فروخت کرنے اور ورکشاپ والوں کے قبضے میں ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، مسلم ٹائون، صادق آباد، کمرشل مارکیٹ، جامع مسجد روڈ، سرکلر روڈ، سٹی صدر روڈ، اقبال روڈ، راجہ بازار اور گرد ونواح کے علاقے لاقانونیت اور بدانتظامی کی منہ بولتی مثالیں ہیں، تجاوزات اور غلط پارکنگ سے مری روڈ سمیت پورے شہر میں ٹریفک نظام کا درہم برہم رہنا معمول بن چکا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ لینے والے تبدیلی کب لائیں گے۔
تازہ ترین