چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک پر کڑا وقت ہے، اپوزیشن حکومت کے خلاف متحد ہے۔
بلاول بھٹو لاہور میں سینئر پارٹی رہنما جہانگیر بدر کی تیسری برسی کے موقع پر ان کی رہائش گاہ پہنچے، ان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر کارکنوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ملک کو مسائل میں پھنسا کر رکھ دیا ہے، اپوزیشن عوام کے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر ہے، سب مل کر اس حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مرحوم جہانگیر بدر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، وہ پارٹی قیادت کی تین نسلوں سے وفا کی علامت تھے۔
بلاول بھٹو نےکہا کہ پارٹی کارکن متحد رہیں اور عوامی رابطہ مہم تیز کردیں، جب وہ وسطی پنجاب میں آئیں گے تو پیپلز پارٹی کا جھنڈا ہر جگہ لہرائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کا دھرنا چل رہا ہے، وہ بھی عوام کے درمیان ہیں، سب مل کر اس حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں نے قمر زمان کائرہ کی قیادت میں بلاول بھٹو سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔