• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں فضائی آلودگی، بتوں نے بھی ماسک پہن لیے

بھارت میں فضائی آلودگی نے جہاں شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے وہیں دیوی دیوتاؤں نے بھی اپنے چہروں پر ماسک پہن لیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر بنارس جسے اب ’واراناسی‘ کہا جاتا ہے، اُس کےمشہور ’شو پاروتی‘ مندر میں رکھے دیوی اور دیوتاؤں کو سفید ماسک پہنا دیے گئے ہیں۔ ان میں دیوتا شیوا، دیوتی درگا اور سائیں بابا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت، بڑھتی فضائی آلودگی سے تاج محل بھی متاثر

یہ ماسک پنڈتوں نے دیوی دیوتاؤں کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے پہنائے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب بنارس کے ایک مندر کے پنڈت ’ہریش مشرا‘ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فضا میں زہریلے مواد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہم دیوی دیوتاؤں کو ماسک پہنانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

پنڈت پریش مشرا نے مزید بتایا کہ سردیوں میں ہم ان مورتیوں کو کمبلوں سے ڈھانپ دیتے ہیں تاکہ یہ سخت سردی سے محفوظ رہیں۔ ماسک پہنے ان دیوی دیوتاؤں کی وجہ سے مندر میں لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ ان دیوی دیوتاؤں کو ماسک پہنے دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد نے فضائی آلودگی سے خود کو بچانے کے لیے ماسک پہن لیے ہیں۔

عالمی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی شہر پہلے ہی شامل ہیں، جہاں ہر شخص اپنے منہ پر ماسک لگائے فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے بھی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین