• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین بلوچستان بورڈ کے شانہ بشانہ ادارے کو مثالی بنائینگے‘بی ایس او

کوئٹہ(پ ر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین خالد بلوچ نے کہا ہے کہ چیئرمین بورڈ نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرکے ادارے میں موجود مخصوص گروہ کو شکست دی ۔بی ایس او ادارے میں ہونے والی اصلاحات میں چیئرمین بورڈ کے شانہ بشانہ ہے، مشترکہ کوششوں سے بلوچستان بورڈ کو ایک مثالی ادارہ بنائیں گے ۔ اپنے جاری بیان میں خالد بلوچ نے مزید کہا کہ چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر محمد یوسف بلوچ نے قلیل مدت میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرکے امتحانی نظام کو بہتر بنایا ، ادارے میں میرٹ پر ہونے والے فیصلوں سے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امتحانات کے نتائج کا اعلان مقررہ مدت میں کیا گیا ، امتحانی پیپرز کی چیکنگ کے دوران ہمیشہ طلباءتنظیموں ، طلباء وطالبات کو شکایات رہیں کہ پیپر مارکنگ درست نہ ہونے سے ان کامستقبل تاریک ہوتا رہاہے مگر موجودہ چیئرمین کی تعیناتی کے بعد مختلف امتحانات میں طلباءوطالبات نے ریکارڈ نمبرز لیکر اعلیٰ تعلیمی اداروں کار خ کیا اور مستقبل میں ایک کار آمد شہری بن کر صوبے کی خدمت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس او چیئرمین بلوچستان بورڈ کی علم دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ادارے میں ہونے والے اصلاحات پر انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ سازشی عناصر جو ذاتی مفادات کیلئے دن رات کی کوششوں سے بحال ہونے والے ادارے کی ساکھ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔
تازہ ترین