• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی انرجی ٹاسک فورس کے بجلی نادہندگان سے ایک ارب 16 کروڑ روپے سےزائد وصول کرلئے

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قائم کردہ صوبائی انرجی ٹاسک فورس نے جاری آپریشن کے دوران بجلی نادہندگان سے اب تک 1 ارب16کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ وصولی کرکے قومی خزانے میں جمع کرادی۔ جبکہ بجلی کے لئے زیر استعمال 30 کروڑ روپے کے آلات بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران 25 ہزار354 سے زائد ڈائریکٹ کنڈے بھی ہٹالئے گئے ہیں جس سے صوبے میں بجلی کے نظام میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں مثبت کمی واقع ہوئی ہے اور بجلی کی بچت سے شارٹ فال پر بھی بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری توانائی و برقیات محمد زبیر خان کی سرپرستی میں قائم صوبائی انرجی ٹاسک فورس کا بجلی نادہندگان کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی انرجی ٹاسک فورسک کی رپورٹنگ اینڈ مانیٹرنگ کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفر الاسلام خٹک‘ ٹیم لیڈرسیف اللہ وزیر‘ چیف کوآرڈینیٹر ملک شجاع الدین سمیت معاونین طارق خان‘ عبید خان اور عثمان نوید پر مشتمل ٹیم کی جاری کردہ رپورٹ و اعداد و شمار کے مطابق صوبائی انرجی ٹاسک فورس نے صوبے کے تمام اضلاع میں بجلی نادہندگان سے ریکوری اور بجلی کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لئے جاری آپریشن کے دوران اب تک ریکوری کرتے ہوئے 1ارب 16کروڑ روپے سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی ہے جبکہ 30کروڑ روپے کے بجلی آلات بھی قبضہ کرلئے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران 560افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا جبکہ 2061افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ اسی طرح بجلی کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لئے مختلف اضلاع میں 25,354کنڈے ہٹائے گئے۔
تازہ ترین